
امریکی ریپر میکلمور نے نیوجرسی میں ایک بڑے میوزک کنسرٹ کے دوران فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے آزادیٔ فلسطین کے نعرے بلند کیے۔
پرفارمنس کے دوران میکلمور نے اپنے معروف گانے “Hind’s Hall” بھی پیش کیا، جبکہ اسکرین پر غزہ کے مناظر اور فلسطینی عوام کی حمایت میں پیغامات دکھائے گئے۔
فلسطینی کفایہ پہنے میکلمور نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ اور مغربی کنارے کے لوگوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ دنیا انہیں فراموش نہیں کر چکی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا کے ہر انسان کو مساوی آزادی اور حقوق حاصل ہونے چاہئیں۔
رپورٹس کے مطابق کنسرٹ میں تقریباً 80 ہزار افراد موجود تھے۔ میکلمور نے فلسطین کے علاوہ ایران، لبنان، کیوبا اور سوڈان کے حوالے سے بھی آزادی کے نعرے لگائے۔
میکلمور اس سے قبل بھی فلسطین کے معاملے پر اپنے مؤقف کا کھل کر اظہار کرتے رہے ہیں اور اپنی موسیقی کے ذریعے فلسطینیوں کے ساتھ حمایت کا پیغام دے چکے ہیں۔









