پاکستان اور مصر کا امریکا، ایران مفاہمت پر عملدرآمد کیلئے سفارتی کوششیں تیز کرنے پر زور

0
34
پاکستان اور مصر کا امریکا، ایران مفاہمت پر عملدرآمد کیلئے سفارتی کوششیں تیز کرنے پر زور

اسلام آباد: پاکستان اور مصر نے امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی عمل کو دوبارہ آگے بڑھانے اور خطے میں کشیدگی کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کیلئے سفارتی رابطے تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس دوران مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال، علاقائی کشیدگی اور امن و استحکام کے قیام سے متعلق اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر باہمی رابطہ اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر مصری وزیر خارجہ نے اسحاق ڈار کو مصر کے دورے کی دعوت بھی دی۔

اسحاق ڈار کی سعودی وزیر خارجہ سے بھی گفتگو

ادھر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا۔

گفتگو میں علاقائی اور عالمی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے کثیرالجہتی پلیٹ فارمز پر تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے مکہ دفاعی معاہدے کی اسٹریٹجک، سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا، جبکہ استنبول اجلاس میں طے پانے والی مفاہمت پر عملدرآمد سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔

گفتگو کے اختتام پر پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے علاقائی معاملات پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

Leave a reply