قومی اتحاد سے دشمن کی سازشیں ناکام بنائیں گے، ایرانی صدر

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ملک میں اتحاد اور قومی یکجہتی برقرار رکھ کر مخالف قوتوں کے عزائم کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔
اپنے بیان میں ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ دشمن ایران کے اندر اختلافات کو ہوا دے کر تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم ایرانی عوام اور ریاستی اداروں کے درمیان مضبوط تعاون ان کوششوں کا مؤثر جواب ہے۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں قومی یکجہتی پہلے سے زیادہ اہمیت اختیار کر گئی ہے۔ ایران کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ باہمی اعتماد، تعاون اور اتحاد کے ذریعے ہی کیا جا سکتا ہے۔
ایرانی صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام اور ریاستی ادارے متحد رہتے ہوئے ملک کے خلاف ہونے والی کوششوں کا مقابلہ کریں گے اور دشمن کے منصوبوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔









