
دبئی: بھارتی ویمنز کرکٹ ٹیم کی اسٹار اوپنر سمریتی مندھانا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویمنز انٹرنیشنل کرکٹ میں دو بڑے ریکارڈ اپنے نام کرلیے۔
اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2026 کے گروپ مرحلے میں ہانگ کانگ کے خلاف میچ کے دوران سمریتی مندھانا نے 64 گیندوں پر 124 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 21 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔
اس سنچری کے بعد سمریتی مندھانا ویمنز انٹرنیشنل کرکٹ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ رنز بنانے والی بیٹر بن گئیں۔ ان کے انٹرنیشنل رنز کی تعداد 10,880 ہوگئی، جس کے ساتھ انہوں نے سابق بھارتی کپتان متھالی راج کو پیچھے چھوڑ دیا۔
متھالی راج نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں 12 ٹیسٹ، 232 ون ڈے اور 89 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل کر مجموعی طور پر 10,868 رنز بنائے تھے۔
سمریتی مندھانا نے اسی اننگز کے دوران سنچریوں کے اعتبار سے بھی نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ ہانگ کانگ کے خلاف بنائی گئی 124 رنز کی اننگز ان کے انٹرنیشنل کیریئر کی 18ویں سنچری تھی۔
اس طرح وہ ویمنز انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والی بیٹر بھی بن گئیں۔ اس سے قبل آسٹریلیا کی سابق کپتان میگ لیننگ اور جنوبی افریقا کی کپتان لورا وولوارٹ 17،17 انٹرنیشنل سنچریوں کے ساتھ مشترکہ طور پر سرفہرست تھیں۔
سمریتی مندھانا کی اس یادگار اننگز نے نہ صرف بھارتی کرکٹ بلکہ عالمی ویمنز کرکٹ میں بھی ایک نیا سنگِ میل قائم کردیا ہے۔








