
ٹیکنالوجی کی دنیا میں ہلکے اور آسانی سے ساتھ لے جانے والے لیپ ٹاپس کی مانگ بڑھ رہی ہے، اور ایسر نے اس حوالے سے ایک نیا ماڈل متعارف کرا دیا ہے۔
جرمنی میں جاری آئی ایف اے 2026 نمائش کے دوران ایسر نے Swift Blade 14 پیش کیا، جس کا وزن صرف 799 گرام بتایا گیا ہے۔ کمپنی کا یہ لیپ ٹاپ عالمی مارکیٹ کے لیے تیار کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے اسے دنیا کے انتہائی ہلکے لیپ ٹاپس میں شمار کیا جا رہا ہے۔
لیپ ٹاپ کی باڈی میں کاربن فائبر اور میگنیشیم ایلومینیم جیسے ہلکے مگر مضبوط مواد استعمال کیے گئے ہیں۔ اس میں 14 انچ کی OLED ڈسپلے اسکرین دی گئی ہے، جبکہ پروسیسنگ کے لیے Intel Core Series 3 چپ استعمال کی گئی ہے۔
دستیاب معلومات کے مطابق ڈیوائس میں 12 جی بی ریم بھی شامل ہوگی، تاہم ایسر نے ابھی اس کے دیگر ہارڈویئر اور مکمل تکنیکی فیچرز ظاہر نہیں کیے۔
کمپنی نے فی الحال Swift Blade 14 کی قیمت، دستیابی اور مارکیٹ میں فروخت شروع کرنے کی حتمی تاریخ بھی نہیں بتائی۔
واضح رہے کہ جاپانی مارکیٹ میں Fujitsu کے کچھ انتہائی ہلکے لیپ ٹاپس پہلے ہی دستیاب ہیں، تاہم ایسر کا نیا ماڈل عالمی صارفین کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔








