قدرتی آفات میں امداد کا نیا طریقہ، سائنس دانوں نے ’کائیبورگ کاکروچ‘ تیار کرلیے

0
26
قدرتی آفات میں امداد کا نیا طریقہ، سائنس دانوں نے ’کائیبورگ کاکروچ‘ تیار کرلیے

آسٹریلیا کے سائنس دانوں نے قدرتی آفات کے دوران ملبے یا دشوار گزار مقامات پر پھنسے افراد تک ادویات پہنچانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے لیس کائیبورگ کاکروچ تیار کرلیے ہیں۔

محققین کے مطابق ان خصوصی کاکروچز کو ’پیرا بورگز‘ (Paraborgs) کا نام دیا گیا ہے۔ ان کے جسم پر چھوٹے کیمرے اور ادویات پہنچانے کے لیے مخصوص انجیکشن آلات نصب کیے گئے ہیں، جبکہ اعصابی نظام میں الیکٹروڈز کی مدد سے انہیں دور بیٹھ کر کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ کاکروچز اپنی جسامت اور ساخت کے باعث ایسے تنگ اور پیچیدہ راستوں سے بھی گزر سکتے ہیں جہاں امدادی ٹیموں یا روایتی روبوٹس کا پہنچنا مشکل ہوتا ہے۔

ابتدائی تجربات میں اس ٹیکنالوجی کے ذریعے دوا مطلوبہ مقام تک پہنچانے کی مجموعی کامیابی کی شرح تقریباً 72 فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ قریبی فاصلے پر یہ شرح 95 فیصد تک پہنچ گئی۔

ماہرین کے مطابق مستقبل میں اس ٹیکنالوجی کو زلزلوں، عمارتیں منہدم ہونے، ملبے تلے افراد کی تلاش اور سانپ کے کاٹے سمیت مختلف ہنگامی حالات میں فوری طبی امداد پہنچانے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

محققین کا خیال ہے کہ یہ حیاتیاتی اور روبوٹک ٹیکنالوجی کا امتزاج قدرتی آفات کے دوران ریسکیو کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

Leave a reply