افتخار گیلانی آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم منتخب، عہدے کا حلف اٹھا لیا

مظفرآباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما بیرسٹر افتخار علی گیلانی آزاد جموں و کشمیر کے نئے وزیراعظم منتخب ہوگئے، جس کے بعد انہوں نے اپنے عہدے کا حلف بھی اٹھا لیا۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں وزارتِ عظمیٰ کے انتخاب کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں افتخار گیلانی نے 30 ووٹ حاصل کیے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار مختار عباسی کے حصے میں 14 ووٹ آئے۔
قائدِ ایوان کے انتخاب کے لیے 27 ووٹ درکار تھے، یوں افتخار گیلانی نے مطلوبہ اکثریت سے تین ووٹ زیادہ حاصل کیے۔ وہ آزاد کشمیر کے 17ویں وزیراعظم بن گئے ہیں۔
قائم مقام صدر آزاد کشمیر چوہدری طارق فاروق نے نومنتخب وزیراعظم سے عہدے کا حلف لیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی افتخار گیلانی کو کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں جمہوری عمل کا جاری رہنا خوش آئند ہے۔
قانون ساز اسمبلی کا اجلاس اسپیکر چوہدری طارق فاروق کی زیر صدارت ہوا، جہاں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے افتخار گیلانی جبکہ پیپلز پارٹی کی طرف سے سردار مختار عباسی وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار تھے۔
افتخار گیلانی اس سے قبل بھی آزاد کشمیر کی سیاست میں اہم کردار ادا کرچکے ہیں۔ وہ 2011 اور 2016 میں قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے، جبکہ 2016 کے بعد آزاد کشمیر کابینہ میں وزیر تعلیم کی ذمہ داریاں بھی انجام دیں۔
حالیہ عام انتخابات میں افتخار گیلانی مظفرآباد کے حلقہ ایل اے 29 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار تھے، جہاں انہیں پیپلز پارٹی کے سردار مختار عباسی نے شکست دی تھی۔ مختار عباسی نے 20 ہزار 45 جبکہ افتخار گیلانی نے 16 ہزار 507 ووٹ حاصل کیے تھے۔
وزارتِ عظمیٰ کے لیے افتخار گیلانی کی نامزدگی مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کے اجلاس میں کی گئی تھی، جس کی بعد میں پارٹی قائد نواز شریف نے بھی منظوری دی۔ تاہم ان کی نامزدگی پر پارٹی کے اندر بعض رہنماؤں کی جانب سے تحفظات بھی سامنے آئے تھے۔
جمعے کو ہونے والی ووٹنگ میں اسمبلی کے 44 ارکان نے حصہ لیا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہ غلام قادر اجلاس میں موجود نہ ہونے کے باعث ووٹ نہ دے سکے، جبکہ پیپلز پارٹی کے بازل علی نقوی نے بھی ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
آزاد کشمیر اسمبلی کی کل نشستیں 53 ہیں، تاہم پونچھ اور سدھنوتی کے بعض حلقوں میں انتخابات نہ ہونے کے باعث اس وقت ایوان میں 46 ارکان موجود ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کو اتحادی ارکان سمیت 32 نشستوں کی حمایت حاصل ہے، جبکہ پیپلز پارٹی کے ارکان کی تعداد 14 ہے۔









