
بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر شاملی میں ہریانوی گلوکار اور یوٹیوبر انکت بالیان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انکت بالیان بدھ کی شام جم سے ورزش کے بعد باہر نکلے تو نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی کے قریب فائرنگ کردی۔ حملہ آور مبینہ طور پر متعدد گولیاں چلانے کے بعد موقع سے فرار ہوگئے، جبکہ انکت بالیان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔ قتل کی اصل وجہ بھی معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انکت بالیان کا تعلق شاملی کے گاؤں بنٹی کھیڑا سے بتایا جاتا ہے۔ وہ ہریانوی موسیقی کے ساتھ ساتھ یوٹیوب پر بھی فعال تھے اور اپنے علاقائی طرز کے گانوں کی وجہ سے نوجوانوں میں مقبول تھے۔
قتل کے بعد اہل خانہ اور مقامی افراد نے احتجاج کرتے ہوئے ان کی لاش سڑک پر رکھ دی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ قاتلوں کی گرفتاری تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔
دوسری جانب ایک گینگ کی جانب سے قتل کی مبینہ ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ بھی سامنے آیا ہے، تاہم پولیس نے تاحال اس دعوے کی باقاعدہ تصدیق نہیں کی۔








