شریف برادران کی اہم ملاقات، عمران خان کی منتقلی سمیت اہم سیاسی امور زیرِ غور

0
27
شریف برادران کی اہم ملاقات، عمران خان کی منتقلی سمیت اہم سیاسی امور زیرِ غور

لاہور میں مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کا اہم اجلاس ہوا، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، بانی پی ٹی آئی عمران خان کے علاج اور آزاد کشمیر میں نئے وزیراعظم کے انتخاب سمیت مختلف معاملات پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق جاتی امرا میں نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک تھیں۔ ملاقات تقریباً دو گھنٹے جاری رہی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کو علاج کی غرض سے اسپتال منتقل کرنے سے متعلق عدالتی فیصلے پر بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو عمران خان کے طبی معائنے کے لیے پمز کا انتخاب کرنے سے متعلق حکومتی مؤقف اور اقدامات سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں یہ معاملہ بھی زیرِ بحث آیا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ممکنہ توہینِ عدالت کی درخواست کی صورت میں حکومت کے پاس کون سے قانونی اور سیاسی راستے موجود ہوں گے۔

نواز شریف نے اجلاس کے دوران اس بات پر زور دیا کہ ملک پہلے ہی متعدد سیاسی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے اور مزید سیاسی یا آئینی بحران سے گریز ضروری ہے۔ ان کے مطابق تمام معاملات آئین اور قانون کے مطابق حل کیے جانے چاہئیں۔

ملاقات میں آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے انتخاب پر بھی تبادلہ خیال ہوا اور اس عہدے کے لیے مختلف ممکنہ ناموں پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اور اتحادی جماعتیں آئینی اداروں کے فیصلوں پر عملدرآمد کے ساتھ ملکی سیاسی استحکام اور حکومتی امور کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام کریں گی۔

Leave a reply