دیپیکا نے سندیپ کے ساتھ دوبارہ کام سے کیوں انکار کیا؟ اندرونی کہانی سامنے آگئی

0
21
دیپیکا نے سندیپ کے ساتھ دوبارہ کام سے کیوں انکار کیا؟ اندرونی کہانی سامنے آگئی

بولی ووڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور فلمساز سندیپ ریڈی وانگا کی فلم ’اسپرٹ‘ سے علیحدگی کا معاملہ ایک بار پھر خبروں میں ہے۔ تازہ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ دیپیکا نے اس فلم میں کام کرنے کا فیصلہ ابتدا ہی سے حتمی طور پر نہیں کیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق دیپیکا اور سندیپ کے درمیان فلم کے حوالے سے صرف ایک ملاقات ہوئی، جس میں فلم کی مکمل کہانی کے بجائے بنیادی خیال پر گفتگو کی گئی۔ اداکارہ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ مکمل اسکرپٹ اور کہانی جانے بغیر کسی منصوبے کو حتمی شکل نہیں دیتیں، اسی لیے ’اسپرٹ‘ ان کی ترجیحات میں شامل نہیں ہوئی۔
ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ دیپیکا مستقبل میں بھی سندیپ ریڈی وانگا کے ساتھ کام کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتیں۔ اس کی وجہ دونوں کے درمیان پیشہ ورانہ اور نظریاتی اختلافات کو قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ’اسپرٹ‘ سے دیپیکا کی علیحدگی کے بعد مختلف وجوہات سامنے آتی رہی ہیں۔ بعض رپورٹس میں کام کے اوقات اور معاوضے سے متعلق اختلافات کا ذکر ہوا، جبکہ کچھ اطلاعات کے مطابق فلم کے بعض مناظر بھی اختلاف کی وجہ بنے۔
فلم کے پروڈیوسر پرنائے ریڈی وانگا نے بھی بعد میں دعویٰ کیا تھا کہ معاوضے اور شیڈول کے علاوہ دیپیکا کی جانب سے فلم کے منافع میں حصہ طلب کیا گیا تھا، تاہم اس معاملے پر فریقین کی جانب سے مختلف مؤقف سامنے آ چکے ہیں۔
یہ تنازع اس وقت مزید نمایاں ہوا جب سندیپ ریڈی وانگا نے سوشل میڈیا پر ایک سخت بیان جاری کیا۔ اگرچہ انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا، تاہم ان کے بیان کو دیپیکا کے ساتھ جوڑا گیا۔
اب ’اسپرٹ‘ میں دیپیکا کی جگہ تریپتی ڈمری کو شامل کیا جا چکا ہے، جبکہ پربھاس اور وویک اوبرائے بھی فلم کا حصہ ہیں۔ فلم کی ریلیز 5 مارچ 2027 کو متوقع ہے۔
دوسری جانب دیپیکا پڈوکون کی آئندہ فلموں میں ’کنگ‘ اور ’راکّا‘ شامل ہیں، جن میں وہ بالترتیب شاہ رخ خان اور الو ارجن کے ساتھ نظر آئیں گی۔
یوں ’اسپرٹ‘ سے متعلق تنازع میں وجوہات کی متعدد رپورٹس سامنے آنے کے باوجود دیپیکا اور سندیپ ریڈی وانگا کے دوبارہ ایک ساتھ کام کرنے کے امکانات فی الحال کم دکھائی دیتے ہیں۔

Leave a reply