
میجر لیگ سوکر (MLS) نے انٹر میامی کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی پر فلاڈیلفیا یونین کے کھلاڑی کوئن سلیوان کو گردن پر ہاتھ لگانے کے معاملے پر جرمانہ عائد کردیا، تاہم جرمانے کی رقم ظاہر نہیں کی گئی۔
یہ کارروائی 19 اگست کو انٹر میامی اور فلاڈیلفیا یونین کے درمیان کھیلے گئے میچ کے بعد کی گئی، جو 2-2 سے برابر رہا۔ مقابلے کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان متعدد مرتبہ تلخ کلامی اور دھکم پیل دیکھنے میں آئی۔
میچ کے ایک موقع پر میسی اور کوئن سلیوان کے درمیان بھی تلخی ہوئی۔ میسی کا مؤقف تھا کہ سلیوان نے پاس دینے کے بعد انہیں کہنی ماری۔ دونوں کھلاڑیوں کو ریفری نے الگ کیا، تاہم کچھ دیر بعد میسی نے سلیوان کی گردن پر ہاتھ لگایا، جس پر لیگ کی ڈسپلنری کمیٹی نے کارروائی کی۔
MLS کے قواعد کے تحت مخالف کھلاڑی کے چہرے، سر یا گردن پر ہاتھ لگانا قابلِ سزا خلاف ورزی ہے۔
میسی کے علاوہ انٹر میامی کے کھلاڑی ایان فرے پر بھی کوئن سلیوان کے ساتھ الجھنے کے معاملے میں جرمانہ کیا گیا ہے۔
میچ کے آخری لمحات میں کشیدگی مزید بڑھ گئی اور یانک برائٹ سمیت دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو ریڈ کارڈ دکھائے گئے۔ فلاڈیلفیا کے کیون سلیوان کو دیا گیا ریڈ کارڈ بعد میں نظرثانی کے بعد واپس لے لیا گیا۔
میچ میں لیونل میسی نے انٹر میامی کی جانب سے ایک گول بھی کیا، جو اس سیزن میں ٹیم کے لیے ان کا دوسرا لیگ گول ہے۔









