
بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے کلی سوران میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے جدید اسلحہ، گولہ بارود، 3 گاڑیاں، 2 موٹر سائیکلیں اور ایک آئی ای ڈی برآمد کی گئی۔ کارروائی میں کالعدم تنظیم کا جھنڈا بھی قبضے میں لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگرد مبینہ طور پر لوٹ مار، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ سمیت مختلف جرائم میں ملوث تھے اور بڑی دہشتگرد کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دہشتگردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پنجگور آپریشن میں کامیابی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کارروائی کے ذریعے دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنائے گئے۔ ان کے مطابق قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل بھی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران 9 دہشتگردوں کی ہلاکت کی اطلاع سامنے آئی تھی۔









