
پاکستانی اداکار دانش تیمور نے اہلیہ اور اداکارہ عائزہ خان سے علیحدگی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں پر واضح مؤقف دے دیا۔
نمائندہ جنگ کے سوال پر دانش تیمور نے کہا کہ وہ اور عائزہ خان خوشحال ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے عائزہ کو اپنے بچوں کی ماں اور اپنی شریکِ حیات قرار دیتے ہوئے کہا کہ بعض افراد کو ان کی خوشگوار زندگی پسند نہیں۔
اداکار کے مطابق وہ ان دنوں اپنے نئے پروجیکٹ میں مصروف ہیں اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والی بے بنیاد باتوں اور افواہوں پر توجہ نہیں دیتے۔
اس سے قبل عائزہ خان بھی ایک فین پیج کے سوال کا جواب دیتے ہوئے شوہر سے علیحدگی کی خبروں کو مسترد کر چکی ہیں۔ اداکارہ نے واضح کیا تھا کہ طلاق یا علیحدگی سے متعلق سوشل میڈیا پر زیرِ گردش دعوے بے بنیاد ہیں۔
یوں دونوں فنکاروں کی جانب سے سامنے آنے والے بیانات نے ان کی علیحدگی سے متعلق قیاس آرائیوں کی تردید کر دی ہے۔









