
طلاق کے بعد بھی سابق شوہر سے خوشگوار تعلقات، نازلی نصر نے اہم وجہ بتا دی
سینئر اداکارہ نازلی نصر نے اپنی نجی زندگی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ طلاق کے باوجود ان کے سابق شوہر حسن سومرو کے ساتھ آج بھی اچھے تعلقات قائم ہیں۔
نازلی نصر نے حال ہی میں ایک پروگرام میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی پہلی شادی، طلاق اور اس کے بعد سابق شوہر کے ساتھ تعلقات پر بات کی۔
اداکارہ کے مطابق ان کی پہلی شادی تقریباً 16 سال تک قائم رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ رشتہ ختم ہونے کے باوجود بچوں کی وجہ سے دونوں کے درمیان رابطہ اور باہمی احترام برقرار ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سابق شوہر کے خاندان کے ساتھ بھی ان کے خوشگوار تعلقات ہیں، جبکہ ان کے موجودہ شوہر محسن مرزا بھی اس خاندان سے اچھے روابط رکھتے ہیں۔
نازلی نصر نے کہا کہ وہ سب ایک دوسرے کے ساتھ دوستانہ انداز میں پیش آتے ہیں اور جب بچوں کو کسی معاملے میں والدین کی ضرورت ہوتی ہے تو سب مل کر ان کا ساتھ دیتے ہیں۔ ان کے مطابق ماضی کے اختلافات کو بچوں کی زندگی پر اثر انداز نہیں ہونے دیا گیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ طلاق کے باوجود بچوں کی وجہ سے ایک تعلق ہمیشہ قائم رہتا ہے، اسی لیے انہوں نے کوشش کی کہ سابق شوہر، ان کی اہلیہ اور موجودہ شوہر سب بچوں کی بہتری کے لیے ایک دوسرے سے جڑے رہیں۔
نازلی نصر پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں طویل عرصے سے کام کر رہی ہیں اور ’دھواں‘ سمیت متعدد مقبول ڈراموں میں اداکاری کے باعث ناظرین میں پہچانی جاتی ہیں۔
ان کی پہلی شادی اداکار حسن سومرو سے ہوئی تھی جو 16 برس بعد ختم ہوگئی، جس کے بعد انہوں نے ہدایت کار محسن مرزا سے دوسری شادی کی۔








