ایران میں سورج سے بجلی کا انقلاب! 5 ہزار میگاواٹ کے دیوہیکل سولر پلانٹ کی تیاری

0
20
ایران میں سورج سے بجلی کا انقلاب! 5 ہزار میگاواٹ کے دیوہیکل سولر پلانٹ کی تیاری

ایران نے بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب اور توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے اصفہان میں 5 ہزار میگاواٹ کا وسیع سولر پاور پلانٹ قائم کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔ منصوبہ تقریباً 6 ہزار ہیکٹر رقبے پر تعمیر کیا جائے گا، جس کے لیے 2.8 ارب ڈالر کی نجی سرمایہ کاری متوقع ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق اصفہان کے علاقے کوہپایہ میں منصوبے کا سنگِ بنیاد جلد رکھا جائے گا، جبکہ تعمیراتی کام مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔ منصوبے کے پہلے دو مراحل میں 2،2 ہزار میگاواٹ اور تیسرے مرحلے میں ایک ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت شامل ہوگی۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ مکمل ہونے کے بعد یہ منصوبہ نصب شدہ صلاحیت کے اعتبار سے دنیا کے سب سے بڑے سولر پاور منصوبوں میں شامل ہوگا اور چین و بھارت میں موجود بڑے شمسی بجلی گھروں سے بھی زیادہ پیداواری صلاحیت رکھے گا۔
ایرانی حکام کے مطابق پلانٹ مکمل طور پر فعال ہونے کے بعد ملک کی ماہانہ بجلی کی طلب کا تقریباً 10 فیصد پورا کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔ اس سے بجلی کی قلت اور لوڈشیڈنگ میں کمی آنے کی توقع ہے۔
ایران کو رواں موسمِ گرما میں بجلی کی طلب میں اضافے کے دوران تقریباً 13.6 گیگاواٹ کے شارٹ فال کا سامنا رہا۔ حکام کے مطابق قومی گرڈ میں 5 گیگاواٹ اضافی شمسی بجلی شامل ہونے سے بجلی کی قلت اور لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں نمایاں کمی لائی جاسکتی ہے۔
ایران نے حالیہ برسوں میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے قابلِ تجدید توانائی، بالخصوص شمسی بجلی، میں سرمایہ کاری بڑھانے کا سلسلہ تیز کیا ہے۔ اصفہان کا منصوبہ مقررہ صلاحیت کے مطابق مکمل ہونے کی صورت میں ملک کی قابلِ تجدید توانائی کی تاریخ کی بڑی سرمایہ کاریوں میں شمار ہوگا۔

Leave a reply