چِپ گئی، کیو آر کوڈ آگیا! پاکستانی شناختی کارڈ میں بڑی تبدیلی

0
11
چِپ گئی، کیو آر کوڈ آگیا! پاکستانی شناختی کارڈ میں بڑی تبدیلی

نادرا نے شہریوں کے لیے نئے ڈیزائن کا قومی شناختی کارڈ جاری کرنا شروع کر دیا ہے، جس میں روایتی مائیکرو چِپ کے بجائے محفوظ کیو آر کوڈ کو شناخت اور تصدیق کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

نئے شناختی کارڈ پر موجود کیو آر کوڈ میں شہری کی بنیادی شناختی معلومات اور تصویر شامل ہوگی۔ مجاز ادارے اسے نادرا کی پاک آئی ڈی ایپ یا متعلقہ تصدیقی سافٹ ویئر کے ذریعے اسمارٹ فون سے اسکین کرکے شناخت کی جانچ کر سکیں گے۔

نادرا کے مطابق نئے نظام سے بینکوں، ٹیلی کام کمپنیوں، اسپتالوں، پولیس، پاکستان ریلوے اور دیگر اداروں میں شہریوں کی معلومات درج کرنے اور تصدیق کرنے کا عمل آسان ہوگا، جبکہ ڈیٹا انٹری کی غلطیوں میں بھی کمی آنے کی توقع ہے۔

اتھارٹی کے مطابق تقریباً 14 سال قبل متعارف کرایا گیا چِپ والا شناختی کارڈ اپنی مکمل صلاحیت کے مطابق اس لیے استعمال نہیں ہو سکا کہ چِپ ریڈ کرنے والے آلات اور متعلقہ نظام ملک بھر میں وسیع پیمانے پر دستیاب نہیں تھے۔ کیو آر کوڈ کے لیے عام اسمارٹ فون اور متعلقہ سافٹ ویئر استعمال کیا جا سکتا ہے، جس سے تصدیق کا نظام زیادہ قابل رسائی بننے کی توقع ہے۔

نئے کارڈ پر شہری کا خاندان نمبر بھی درج ہوگا، جبکہ بزرگ شہریوں، معذور افراد، اعضا عطیہ کرنے والوں اور آزاد جموں و کشمیر کے شہریوں کی شناخت کے لیے مخصوص علامات شامل کی گئی ہیں۔ نام اور پتہ اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں درج ہوگا۔

نادرا کا کہنا ہے کہ نئے کارڈ میں سیکیورٹی کی ظاہری اور خفیہ خصوصیات کو بھی جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنایا گیا ہے، جبکہ کارڈ کی تیاری مقامی سطح پر کی جا رہی ہے۔

نئے کیو آر کوڈ والے شناختی کارڈ کا اجرا مرحلہ وار ہوگا۔ جنوری 2027 سے اس نظام کو شناختی دستاویزات کی دیگر متعلقہ اقسام تک بھی توسیع دینے کا منصوبہ ہے، جس میں بیرون ملک پاکستانیوں کے شناختی کارڈ اور جووینائل کارڈز شامل ہیں۔ بعد ازاں پاکستان اوریجن کارڈ کو بھی چِپ لیس فارمیٹ میں منتقل کیا جائے گا۔

نادرا نے واضح کیا ہے کہ پہلے سے جاری شدہ شناختی کارڈ فوری طور پر منسوخ نہیں ہوں گے اور اپنی مقررہ میعاد تک قابل استعمال رہیں گے۔

حکومت نے رواں سال فروری میں متعلقہ شناختی کارڈ قوانین میں ترامیم کے ذریعے کیو آر کوڈ کو شناختی دستاویز کی تصدیق کے قانونی طریقے کے طور پر شامل کیا تھا۔ نئی قانونی گنجائش نادرا کو مستقبل میں مائیکرو چِپ کے بجائے کیو آر کوڈ یا کسی نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے شناخت کی تصدیق کا نظام اپنانے کی اجازت بھی دیتی ہے۔

Leave a reply