آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ بنانے کا اعلان

0
9
آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ بنانے کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف کارروائی کے بعد امریکا آبنائے ہرمز کو اپنے زیرِ انتظام علاقہ قرار دینے کا اعلان کرے گا۔ انہوں نے امریکی شہریوں سے پٹرول کی بڑھتی قیمتوں کو برداشت کرنے کی اپیل بھی کی اور اسے ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کی قیمت قرار دیا۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کی موجودہ کارروائی صرف اپنے مفادات کے لیے نہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے، جس پر وہ معذرت خواہ نہیں ہوں گے۔

دوسری جانب ایران نے آبنائے ہرمز پر کسی بھی امریکی کنٹرول یا دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ امریکی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوگا۔ ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی کے مطابق آبنائے ہرمز کو کھولنے یا بند کرنے کا اختیار ایران کے پاس ہے۔

کشیدگی کے باعث خلیج میں بحری تجارت بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔ متحدہ عرب امارات نے اپنی قومی آئل کمپنی کے دو بحری جہازوں پر آبنائے ہرمز سے گزرتے ہوئے حملوں کا الزام ایران پر عائد کیا ہے، تاہم خطے میں جاری صورتحال نے عالمی توانائی کی سپلائی کے حوالے سے بھی خدشات بڑھا دیے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق تنازع سے قبل آبنائے ہرمز سے روزانہ بڑی تعداد میں تجارتی جہاز گزرتے تھے، تاہم موجودہ کشیدگی کے بعد بحری آمدورفت میں نمایاں کمی آئی ہے۔

امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے بھی کہا ہے کہ امریکی بحریہ ایران کی ناکہ بندی طویل مدت تک برقرار رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ادھر امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے عندیہ دیا ہے کہ واشنگٹن ایران کے خلاف مزید سخت معاشی پابندیاں عائد کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔

آبنائے ہرمز میں بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی توانائی منڈیوں اور خطے میں تجارتی سرگرمیوں پر دباؤ مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Leave a reply