یہ فون ہیں یا میوزیم کا سامان؟ 2010 کے نوکیا 2026 میں آ گئے

0
43
یہ فون ہیں یا میوزیم کا سامان؟ 2010 کے نوکیا 2026 میں آ گئے

لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں ایک موبائل شاپ پر غیر معمولی واقعہ پیش آیا جہاں برسوں پہلے آرڈر کیے گئے موبائل فون اچانک دکان پر پہنچ گئے۔ پارسل کھولنے پر معلوم ہوا کہ اس میں موجود نوکیا کے موبائل فون 2010 کے ماڈلز ہیں جو تقریباً سولہ سال بعد اپنی منزل تک پہنچے۔
یہ فون 2010 میں منگوائے گئے تھے، تاہم 2011 میں شروع ہونے والی خانہ جنگی، حکومتی نظام کے بکھراؤ، کسٹمز کی بندش اور سیکیورٹی مسائل کے باعث یہ کھیپ مختلف گوداموں میں ہی پڑی رہی۔ طویل عرصے بعد 2026 میں یہ پارسل اچانک متعلقہ دکان تک پہنچا، جس نے سب کو حیران کر دیا۔
دکاندار نے جب پرانی پیکنگ کھولی تو اس لمحے کو دیکھ کر خود ہنسی پر قابو نہ رکھ سکا۔ فونز میں نوکیا کے بٹن والے مشہور ماڈلز شامل تھے، جن میں اس دور کے میوزک ایڈیشن فون اور نوکیا کمیونی کیٹر بھی موجود تھے، جو ایک زمانے میں وقار اور حیثیت کی علامت سمجھے جاتے تھے۔
ان باکسنگ کے دوران بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی، جس پر صارفین نے دلچسپ اور مزاحیہ تبصرے کیے۔ کچھ افراد نے ان فونز کو نایاب خزانہ قرار دیا، جبکہ کئی لوگوں کے نزدیک یہ ماضی کے سنہرے دور کی یادگار ہیں۔ بعض صارفین نے یہ بھی کہا کہ آج کے ڈیجیٹل دور میں بغیر ٹریکنگ کے موبائل فون خاصی اہمیت رکھتے ہیں۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ فون بھیجنے اور وصول کرنے والے دونوں طرابلس ہی میں موجود تھے اور ان کے درمیان فاصلہ صرف چند کلومیٹر تھا، مگر حالات کی خرابی نے اس مختصر سفر کو سولہ سالہ انتظار میں بدل دیا۔

Leave a reply