یوکرین میں سیکیورٹی کے لیے برطانیہ اور فرانس کی جانب سے کثیر القومی فورس تعینات کرنے کا اعلان

یوکرین کے دفاع، دوبارہ تعمیر اور خطے میں استحکام کے لیے برطانیہ اور فرانس نے ایک مشترکہ اقدام کرتے ہوئے کثیر القومی فورس تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اعلان یوکرین میں امن معاہدے کے بعد سیکیورٹی صورتحال کو مستحکم بنانے کے لیے کیا گیا۔
پیرس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان امن معاہدہ ہونے کی صورت میں یہ فورس فعال کی جائے گی۔ اعلامیے کے مطابق یہ فورس یوکرین میں سیکیورٹی کو مضبوط بنانے اور امن قائم رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے کہا کہ کثیر القومی فورس کی موجودگی یوکرینی فوج کی دفاعی صلاحیت کو بہتر بنانے اور ملک کی سیکیورٹی کو مضبوط کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
امریکی حکام نے بھی اس اقدام کو مثبت پیشرفت قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس فورس کی موجودگی روس کے دوبارہ حملے کے امکانات کو کم کرے گی اور خطے میں امن قائم رکھنے میں معاون ہوگی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ فورس کی تعیناتی اور آئندہ کے لائحہ عمل کی تفصیلات بعد میں طے کی جائیں گی۔









