
حکومت نے ملک میں جاری گیس بحران سے نمٹنے کے لیے ایک نیا ہنگامی ایکشن پلان تیار کر لیا ہے، جس کے تحت گیس کی قیمتوں کو موجودہ سطح پر برقرار رکھنے اور سپلائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر توانائی کے شعبے میں اصلاحات کا عمل تیز کر دیا گیا ہے، اور گیس کی طلب و رسد میں توازن قائم کرنے کے لیے نئی حکمت عملی تشکیل دی جا رہی ہے۔ اس منصوبے کے تحت گیس لوڈشیڈنگ کے اوقات کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا تاکہ صارفین کو نسبتاً بہتر سہولت فراہم کی جا سکے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ گیس کی دستیابی بڑھانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ گھریلو صارفین کی طلب کی منصوبہ بندی میں بھی تبدیلیوں پر غور جاری ہے۔
مزید یہ کہ سپلائی بہتر ہونے تک نئے آر ایل این جی کنکشنز عارضی طور پر معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکومت نے گیس کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے ایک جامع فریم ورک بھی تیار کر لیا ہے، اور متعلقہ اداروں کو فوری عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو اصلاحاتی اقدامات پر ماہانہ رپورٹ 8 مئی تک پیش کی جائے گی، تاکہ پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے اور مزید فیصلے کیے جا سکیں۔









