
ایشیا کپ 2025 کے فائنل کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادو کی پریس کانفرنس ایک تنازع کا باعث بن گئی، جب انہوں نے پاکستانی صحافی کے سوالات کے جواب دینے سے گریز کیا۔
پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے بھارتی کپتان سے ان کے پورے ٹورنامنٹ کے دوران پاکستان ٹیم کے ساتھ رویے سے متعلق سوال کیا، جن میں ہینڈ شیک سے اجتناب، ٹرافی کے ساتھ گروپ فوٹو سے انکار اور ایک سیاسی پریس کانفرنس شامل تھی۔ صحافی کا کہنا تھا کہ کرکٹ جیسے کھیل میں سیاست لانا ناقابل قبول ہے۔
سوال پر سوریا کمار یادو نے پہلے میڈیا منیجر کی طرف دیکھا اور کہا، “بولنا ہے یا نہیں بولنا ہے؟” بعد ازاں انہوں نے صحافی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، “آپ غصے میں لگ رہے ہیں” اور پھر سوال نہ سمجھنے کا بہانہ کیا۔
پریس کانفرنس میں بھارتی ٹیم کے کھلاڑی ابھیشیک شرما بھی موجود تھے۔ بھارتی میڈیا مینیجر نے بعد میں ایک پاکستانی صحافی کا سوال لینے سے انکار کر دیا، جس پر مزید سوالات کھڑے ہو گئے۔
یاد رہے کہ سوریا کمار یادو کو ٹورنامنٹ کے دوران ایک سیاسی بیان پر جرمانہ بھی کیا گیا تھا۔ فائنل میچ کے بعد انہوں نے اعلان کیا کہ وہ ایشیا کپ میں کھیلے گئے تمام میچز کی میچ فیس بھارتی فوج کو عطیہ کریں گے۔
ادھر ایک اور اہم واقعے میں بھارتی ٹیم نے فاتح ٹرافی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے وصول کرنے سے انکار کر دیا، جسے دونوں ممالک کے کرکٹ تعلقات میں ایک نچلی سطح کی مثال قرار دیا جا رہا ہے۔









