
لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کم عمر ڈرائیورز کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ٹریفک پولیس کو فوری طور پر ایسے افراد کو گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔
عدالتی ہدایات کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے کم عمر موٹرسائیکل اور گاڑی چلانے والوں کے خلاف پہلے مرحلے میں آگاہی مہم چلائی جائے گی، جبکہ بچوں اور والدین کو وارننگ دے کر قانون کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے گا۔
چیف جسٹس نے واضح کیا کہ اگر وارننگ کے باوجود خلاف ورزی دہرائی جائے تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
اس معاملے پر تفصیلی گفتگو کے لیے آئی جی پنجاب کو چیف جسٹس عالیہ نیلم نے آج اپنے چیمبر میں طلب کیا تھا، جس پر آئی جی پنجاب لاہور ہائیکورٹ پیش ہوئے۔









