ڈی آئی خان: پولیس ٹریننگ اسکول پر حملہ، 5 دہشتگرد ہلاک، 7 اہلکار شہید

0
81
ڈی آئی خان: پولیس ٹریننگ اسکول پر حملہ، 5 دہشتگرد ہلاک، 7 اہلکار شہید

ڈیرہ اسماعیل خان میں واقع پولیس ٹریننگ اسکول پر ہونے والے دہشتگرد حملے میں سیکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائی کے نتیجے میں پانچ دہشتگرد مارے گئے، جبکہ افسوسناک طور پر سات پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔

ڈی ایس پی حافظ محمد عدنان کے مطابق، آپریشن رات گئے مکمل کیا گیا جس میں پولیس کے ساتھ دیگر سیکیورٹی اداروں نے بھی حصہ لیا۔ کارروائی کے دوران خودکش حملہ آور سمیت پانچ دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔

اس واقعے کے دوران پولیس کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی، جس میں دہشتگردوں کو اسکول میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کی گئی۔ حملے میں 13 اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا۔

ڈی جی پبلک ریلیشنز خیبرپختونخوا کے مطابق، حملے کے وقت پولیس ٹریننگ اسکول میں موجود 200 اہلکاروں اور ریکروٹس کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا۔ آپریشن کے دوران ٹریننگ اسکول اور اس کے قریب واقع نادرا آفس کو کلیئر کر دیا گیا۔

یاد رہے کہ یہ حملہ گزشتہ رات تقریباً ساڑھے آٹھ بجے کیا گیا، جس میں دہشتگردوں نے خودکش دھماکوں اور فائرنگ کے ذریعے حملے کی کوشش کی تھی۔

Leave a reply