
اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی میں ایک نیا فیچر شامل کیا ہے جو صارفین کی عمر کا اندازہ لگانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس نظام کا مقصد کم عمر صارفین کو ممکنہ طور پر نقصان دہ مواد سے محفوظ رکھنا ہے۔
کمپنی کے مطابق اگر کوئی صارف اپنی عمر ظاہر نہیں کرتا اور اس کے 18 سال سے کم ہونے کا شبہ ہو تو یہ ٹیکنالوجی مختلف عوامل کی بنیاد پر عمر کا تخمینہ لگائے گی۔ ان عوامل میں صارف کے رویے، اکاؤنٹ کے قیام کا دورانیہ، سرگرمی کے اوقات اور دیگر ڈیجیٹل اشارے شامل ہوں گے۔
اگر کسی بالغ صارف کو غلطی سے کم عمر قرار دے دیا جائے تو وہ اپنی شناخت کی تصدیق کروا سکے گا۔ اس عمل کے لیے صارف کو لائیو سیلفی اور سرکاری شناختی دستاویز فراہم کرنا ہوگی، جس کے بعد اکاؤنٹ کی عمر درست کی جا سکے گی۔
اس نظام کی تیاری کا اعلان ستمبر 2025 میں کیا گیا تھا۔ اس اقدام کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ کم عمر افراد کو چیٹ بوٹس میں ایسے مواد تک رسائی نہ ملے جو ان کے لیے نامناسب یا مضر ہو سکتا ہے۔
تاہم یہ بات تاحال واضح نہیں کہ یہ ٹیکنالوجی عمر کا اندازہ کس حد تک درست طور پر لگا سکے گی، خاص طور پر ایسے پلیٹ فارم پر جہاں صارفین کی تعداد کروڑوں میں ہو۔
واضح رہے کہ اوپن اے آئی سمیت کئی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو بچوں کے تحفظ کے حوالے سے تنقید کا سامنا رہا ہے۔ اسی تناظر میں کمپنی نے 2025 میں چیٹ جی پی ٹی کے لیے اضافی پیرنٹل کنٹرولز متعارف کرانے کا بھی اعلان کیا تھا۔









