
بیجنگ: چین نے آبدوز سے اسٹریٹجک بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
چینی سرکاری میڈیا کے مطابق تجرباتی میزائل، جس میں ڈمی وارہیڈ نصب تھا، بحرالکاہل میں مقررہ ہدف پر کامیابی سے پہنچا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ تجربہ معمول کی فوجی تربیتی مشقوں کا حصہ تھا۔
چینی حکام کے مطابق میزائل تجربہ بین الاقوامی قوانین اور ضوابط کے مطابق انجام دیا گیا، جبکہ متعلقہ ممالک کو پیشگی اطلاع بھی فراہم کی گئی تھی۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ اس تجربے کا مقصد کسی مخصوص ملک یا علاقے کو نشانہ بنانا نہیں تھا۔
ادھر آسٹریلیا کی وزیر خارجہ پینی وونگ نے کہا کہ چین نے میزائل تجربے کے بارے میں پیشگی اطلاع دی تھی، تاہم ان کے بقول بیلسٹک میزائلوں کے تجربات خطے میں کشیدگی اور عدم استحکام کے خدشات کو بڑھا سکتے ہیں۔









