“چپس سے بھی زیادہ خطرناک؟ یہ جوس بچوں کے لیے خاموش دشمن بن سکتا ہے”

0
70
“چپس سے بھی زیادہ خطرناک؟ یہ جوس بچوں کے لیے خاموش دشمن بن سکتا ہے”

والدین عموماً بچوں کی خوراک کو لے کر فکر مند رہتے ہیں اور اکثر شکایت کرتے ہیں کہ بچے باہر کے چپس، چاکلیٹ اور دیگر اسنیکس زیادہ پسند کرتے ہیں۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ کئی بار والدین بغیر جانچے سمجھے بچوں کو ایسی غذائیں دے دیتے ہیں جو صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔
آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر عبید الرحمٰن نے سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو میں خبردار کیا ہے کہ پیک شدہ فروٹ جوس بچوں کے لیے خاموش خطرہ بن رہا ہے۔ والدین عام طور پر بچوں کو فروٹ جوس دینے کی نیت سے دیتے ہیں کہ یہ غذائیت سے بھرپور ہے، لیکن حقیقت میں یہ مشروبات صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتے ہیں۔
ڈاکٹر کے مطابق مارکیٹ میں دستیاب فروٹ جوس میں قدرتی فائبر تقریباً ختم ہو چکا ہوتا ہے، جبکہ اس میں ریفائنڈ شوگر، صنعتی نشاستہ، مصنوعی رنگ اور فلیور شامل کیے جاتے ہیں۔ یہ اجزا بچوں کے جسم میں زیادہ فرکٹوز پہنچاتے ہیں، جو جگر میں چربی جمع ہونے اور فیٹی لیور جیسی بیماری کا سبب بن سکتا ہے۔
بین الاقوامی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ روزانہ میٹھے مشروبات یا فروٹ جوس پینے والے بچوں میں موٹاپا، انسولین ریزسٹنس اور ٹائپ 2 ذیابیطس کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ ابتدائی عمر میں جگر میں چربی جمع ہونا خاموشی سے بڑھتا ہے اور اس کی ابتدا میں واضح علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔
ماہرین غذائیت کے مطابق چاہے کسی جوس پر “100 فیصد فروٹ جوس” لکھا ہو، یہ پورے پھل کا متبادل نہیں ہو سکتا۔ پورا پھل چبانے سے فائبر برقرار رہتا ہے، جو شکر کے جذب ہونے کی رفتار کو سست کرتا ہے، جبکہ جوس میں یہ حفاظتی عنصر موجود نہیں ہوتا۔
ڈاکٹر عبید الرحمٰن کے مطابق کریم بسکٹ بھی بچوں کے لیے نقصان دہ ہیں، کیونکہ ان میں ریفائنڈ شوگر، کاربوہائیڈریٹس اور مصنوعی اجزا کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔ یہ وقتی توانائی ضرور دیتے ہیں، لیکن بچوں کے جگر اور مجموعی صحت پر منفی اثر ڈال سکتے ہیں۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ابتدائی عمر میں دی جانے والی غلط خوراک مستقبل میں بڑی بیماریوں کی بنیاد بن سکتی ہے۔ بچوں کی بہتر نشوونما کے لیے ضروری ہے کہ ان کی خوراک میں پورے پھل، سبزیاں، پروٹین، دالیں، دودھ اور پانی شامل ہوں، اور پیک شدہ جوس اور میٹھے مشروبات کو محدود یا ترک کیا جائے۔
ماہرین کا واضح پیغام یہ ہے کہ چپس اور جنک فوڈ جتنے نقصان دہ ہیں، پیک شدہ فروٹ جوس بھی اتنا ہی، بلکہ بعض اوقات اس سے بھی زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ یہ صحت کے نام پر بچوں کو دیا جاتا ہے اور خاموشی سے جسم کو نقصان پہنچاتا ہے۔

Leave a reply