چالیس سال کے بعد خواتین کی صحت کے لیے ۵ ضروری سپلیمنٹس

0
42
چالیس سال کے بعد خواتین کی صحت کے لیے ۵ ضروری سپلیمنٹس

چالیس سال کی عمر کے بعد خواتین کے جسم میں نمایاں تبدیلیاں آنا عام ہیں، جیسے توانائی میں کمی، ہارمونز کا عدم توازن اور ہڈیوں کی کمزوری۔ ماہرین کے مطابق مناسب غذا، باقاعدہ ورزش، مکمل نیند اور مخصوص سپلیمنٹس کے استعمال سے جسمانی صحت بہتر بنائی جا سکتی ہے اور روزمرہ کے معمولات میں توانائی برقرار رکھی جا سکتی ہے۔
ماہر امراض جلد ڈاکٹر گروین واریچ گاریکار نے خواتین کے لیے صحت اور فٹنس کو برقرار رکھنے کے پانچ اہم سپلیمنٹس کے بارے میں انسٹاگرام پر معلومات فراہم کی ہیں۔ ڈاکٹر گاریکار خود بھی روزانہ یہ سپلیمنٹس استعمال کرتی ہیں تاکہ عمر کے ساتھ جسم میں ہونے والی تبدیلیوں کے اثرات کم کیے جا سکیں اور توانائی و طاقت برقرار رہے۔
۱. میگنیشیم:
نیند کے معیار کو بہتر بنانے اور پٹھوں کے درد کم کرنے کے لیے میگنیشیم گلائیسینیٹ مفید ہے۔ یہ پٹھوں کی کارکردگی بڑھاتا اور جسم و دماغ کو سکون دیتا ہے۔
۲. کیلشیم اور وٹامن ڈی:
ہارمونز میں تبدیلی کے بعد ہڈیوں کی صحت متاثر ہو سکتی ہے۔ کیلشیم اور وٹامن ڈی ہڈیوں کو مضبوط رکھنے میں مددگار ہیں۔ وٹامن ڈی کیلشیم کے جذب کو بہتر بناتا ہے جبکہ کیلشیم ہڈیوں کی طاقت برقرار رکھتا ہے۔
۳. اومیگا تھری:
دل اور دماغ کی صحت کے لیے اومیگا تھری سپلیمنٹس فائدہ مند ہیں۔ یہ سوزش کم کرتے ہیں، کولیسٹرول متوازن رکھتے ہیں اور جوڑوں کی صحت میں بھی مددگار ہیں۔
۴. گلوٹا تھایون اور وٹامن سی:
جلد کی صحت اور مدافعتی نظام مضبوط رکھنے کے لیے گلوٹا تھایون اور وٹامن سی استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ یہ سپلیمنٹس خلیوں کو نقصان سے بچاتے اور جلد کی صحت بہتر بناتے ہیں۔
۵. پلانٹ پروٹین:
ورزش کے بعد پٹھوں کی بحالی اور توانائی برقرار رکھنے کے لیے پلانٹ پروٹین سپلیمنٹس مؤثر ہیں۔ یہ میٹابولزم مستحکم رکھنے اور پٹھوں کی مضبوطی میں مدد دیتے ہیں۔
ڈاکٹر گاریکار کے مطابق، ان سپلیمنٹس کو تین ماہ استعمال کرنے کے بعد ایک ماہ کا وقفہ لینا چاہیے۔ اس کے علاوہ چھ سے آٹھ ماہ بعد کیلشیم، وٹامن ڈی اور وٹامن بی ۱۲ کی سطح جانچنا ضروری ہے۔
یاد رہے کہ یہ معلومات عمومی رہنمائی کے لیے ہیں، کسی بھی سپلیمنٹ یا وٹامن کے استعمال سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ لازمی ہے۔

Leave a reply