
پاکستان کی قومی ائیرلائن نے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کے لیے اپنی پروازیں دوبارہ شروع کر دی ہیں۔ یہ پروازیں طیاروں کی تکنیکی خرابیوں کے باعث 13 ستمبر سے 28 ستمبر تک عارضی طور پر معطل کر دی گئی تھیں۔
ذرائع کے مطابق، پی آئی اے ٹورنٹو کے لیے طویل فاصلے کی نان اسٹاپ پروازیں عام طور پر بوئنگ 777 ایل آر طیاروں کے ذریعے چلاتی ہے، تاہم دونوں ایل آر طیارے اس وقت سروس سے باہر ہیں۔ ایک طیارے کے لینڈنگ گیئرز تبدیل کیے جانے تھے، لیکن مخصوص ٹولز کی عدم دستیابی کے باعث کام مکمل نہیں ہو سکا۔
اسی وجہ سے، پی آئی اے نے اب ٹورنٹو روٹ پر بوئنگ 777-300 ای آر طیارہ استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ پرواز پی کے 783 آج کراچی سے ٹورنٹو روانہ ہوگی۔ ائیرلائن نے اس موقع پر خصوصی رعایت کا اعلان بھی کیا ہے، جس کے تحت ٹورنٹو جانے والے کرایوں پر 15 فیصد کمی کی گئی ہے۔ یہ رعایتی ٹکٹ 10 اکتوبر تک دستیاب ہوں گے، اور ان پر 30 ستمبر سے 19 دسمبر 2025 کے درمیان سفر کیا جا سکتا ہے۔









