پنجاب میں محرم الحرام کے دوران دفعہ 144 نافذ، متعدد پابندیاں عائد

0
33
پنجاب میں محرم الحرام کے دوران دفعہ 144 نافذ، متعدد پابندیاں عائد

لاہور: پنجاب حکومت نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 17 جون سے 26 جون تک صوبے میں دفعہ 144 نافذ العمل رہے گی۔ اس دوران سات مختلف نوعیت کی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق محرم الحرام کے دوران صرف وہی جلوس اور مجالس منعقد کی جا سکیں گی جنہیں باقاعدہ اجازت حاصل ہوگی۔ عوامی مقامات پر اسلحہ، آتش گیر مواد اور دیگر خطرناک اشیا کی نمائش پر بھی پابندی ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ فرقہ وارانہ یا نسلی منافرت کو ہوا دینے والے بیانات، اشتعال انگیز نعرے، اشارے اور عوامی جذبات کو بھڑکانے والی سرگرمیاں ممنوع ہوں گی۔ جلوسوں کے راستوں پر واقع عمارتوں کی چھتوں پر مورچے بنانے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔

مزید برآں، جلوسوں کے راستوں میں آنے والی عمارتوں کی چھتوں پر پتھر، اینٹیں، بوتلیں یا دیگر اشیا جمع کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ جلوس کے دوران راستوں کے اطراف واقع عمارتوں کی چھتوں اور دکانوں کے تھڑوں پر تماشائیوں کے طور پر موجودگی بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔

حکومت کے مطابق ان پابندیوں کا اطلاق یکم سے 10 محرم الحرام تک ہوگا، جبکہ ڈبل سواری پر پابندی 9 اور 10 محرم کو نافذ رہے گی۔

Leave a reply