پشاور: سی ٹی ڈی کا آپریشن، اہم کمانڈر سمیت 5 دہشت گرد مارے گئے

0
33
پشاور: سی ٹی ڈی کا آپریشن، اہم کمانڈر سمیت 5 دہشت گرد مارے گئے

پشاور کے علاقے ارمڑ میں شمشتو کیمپ کے قریب محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرتے ہوئے 5 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک افراد میں فتنہ الخوارج سے وابستہ ایک اہم کمانڈر عمران عرف عبداللہ بھی شامل ہے، جو مختلف دہشت گردی کے مقدمات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ عمران عرف عبداللہ پر اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں دھماکوں، ٹارگٹ کلنگ اور دیگر دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہونے کے الزامات تھے۔ اسے ترلئی امام بارگاہ خودکش حملے کے مقدمے میں بھی مطلوب قرار دیا گیا تھا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق مذکورہ کمانڈر مولانا خانزیب اور سینیٹر ہدایت اللہ کے قتل کے واقعات میں بھی مبینہ طور پر ملوث تھا، جبکہ اس کی گرفتاری یا ہلاکت میں معاونت کے لیے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے انعام مقرر تھا۔

کارروائی کے بعد ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے ایس ایم جی، دستی بم، مبینہ طور پر تیار کیا گیا آئی ای ڈی اور دیگر اسلحہ بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Leave a reply