
سیکیورٹی ذرائع نے پاکستان کے خلاف ایک منظم سوشل میڈیا پروپیگنڈا مہم کے بارے میں اطلاعات جاری کی ہیں، جس کے تحت جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اس مہم میں جعلی ایرانی شناختوں کا استعمال کیا گیا اور پاکستان کے خلاف نفرت انگیز مواد تیار کیا گیا۔ اس کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کے خلاف منفی بیانیہ پھیلانے کی کوشش کی گئی۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ ڈس انفارمیشن مہم خفیہ نیٹ ورک کے ذریعے چلائی گئی، جس کا آغاز مبینہ طور پر ایران سے منسوب جعلی میڈیا پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے کیا گیا۔ مہم کے دوران پاکستان پر بے بنیاد الزامات بھی عائد کیے گئے تاکہ پروپیگنڈے کو تقویت دی جا سکے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ درجنوں جعلی اکاؤنٹس جو ایرانی شناخت رکھتے ہیں، دراصل بھارت اور افغانستان سے چلائے جا رہے ہیں، اور ان کا مقصد خطے میں پاکستان کی امن کوششوں کو نقصان پہنچانا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ منظم مہم خطے میں کشیدگی بڑھانے اور پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔









