
ہاٹ لائن نیوز : بین الاقوامی مارکیٹ پر انحصار ختم کرتے ہوئے پاکستان نے مقامی سطح پر پہلا سستا ترین وینٹی لیٹر تیار کر لیا ہے۔
ملک میں صحت کے شعبے میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، مقامی سطح پر وینٹی لیٹرز تیار کیے گئے ہیں۔ سائٹ انڈسٹریل ایریا میں واقع کمپنی نے پرزوں کی جانچ میں مصروف عملہ کو تربیت دی ہے۔
کوالٹی کنٹرول کا عملہ ہر اکیس سے بائیس دن میں چار قسم کے ٹیسٹ کرتا ہے، یہ ٹیسٹنگ مصنوعی پھیپھڑوں کے ذریعے کی جاتی ہے۔
وینٹی لیٹر مینوفیکچرنگ گروپ کے ڈائریکٹر اکبر الانہ کے مطابق پاکستان میں وینٹی لیٹرز کی 100 فیصد ڈیزائننگ اور 80 فیصد پرزہ جات کی تیاری کا کام کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وینٹی لیٹر فروری سے مارکیٹ میں دستیاب ہوگا اور اسکی قیمت تیس لاکھ روپے ہے جو درآمد شدہ وینٹی لیٹر کے مقابلے میں آدھے سے بھی کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی وینٹی لیٹر بین الاقوامی معیار کیمطابق ہے جس کا طبی ٹیسٹ کیا گیا ہے۔ جلد ہی یہ وینٹی لیٹر بنگلہ دیش اور سری لنکا سمیت مختلف ممالک کو برآمد کیا جائیگا۔









