
ایک پاکستانی کبڈی کھلاڑی کی جانب سے بیرونِ ملک مقابلے میں بھارتی ٹیم کی نمائندگی اور بھارتی جھنڈا اٹھانے کے واقعے پر پاکستان کبڈی فیڈریشن نے سخت ردِعمل دیا ہے۔ اس معاملے پر فیڈریشن کی جنرل کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔
فیڈریشن کے سیکرٹری رانا سرور کے مطابق چیئرمین چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت اجلاس 27 دسمبر کو منعقد ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بحرین میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں 16 پاکستانی کھلاڑیوں نے شرکت کی، تاہم یہ ٹیم پاکستان کی سرکاری یا قومی ٹیم نہیں تھی اور اس سلسلے میں نہ تو فیڈریشن سے اجازت لی گئی اور نہ ہی این او سی جاری کیا گیا۔
رانا سرور نے واضح کیا کہ یہ ایک غیر سرکاری اور خود ساختہ ٹیم تھی جس نے پاکستان کا نام استعمال کیا۔ ایونٹ میں شرکت کے لیے نہ حکومتی اجازت حاصل کی گئی اور نہ ہی فیڈریشن کو پیشگی آگاہ کیا گیا۔
سیکرٹری فیڈریشن کا کہنا تھا کہ کسی پاکستانی کھلاڑی کا بھارتی ٹیم کی شرٹ پہن کر کھیلنا اور بھارتی جھنڈا لہرانا ناقابلِ قبول عمل ہے۔ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ غیر قانونی طور پر ایونٹس منعقد کروانے والے پروموٹرز کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے تشخص کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ اگرچہ کلب لیول پر مختلف ممالک کے کھلاڑی اکٹھے کھیلتے ہیں، تاہم کسی غیر ملکی ٹیم کی نمائندگی کے ساتھ جھنڈا لہرانا افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔









