
بین الاقوامی مالیاتی اشاریوں میں پاکستان کے ڈالر بانڈز نے رواں سال نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے ایشیا میں منافع کے اعتبار سے سبقت حاصل کرلی ہے۔ مالیاتی سروس فراہم کرنے والے عالمی ادارے بلومبرگ کے مطابق پاکستان کے ڈالر بانڈز تقریباً 24.5 فیصد منافع کے ساتھ خطے میں سرفہرست ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پاکستانی بانڈز کی واپسی نے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔ مالیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان گزشتہ دو سال کے دوران معاشی استحکام اور اصلاحاتی اقدامات کے باعث اب بین الاقوامی قرض مارکیٹ میں دوبارہ داخلے کی بہتر پوزیشن میں ہے۔
بلومبرگ کے مطابق عالمی ریٹنگ ایجنسیوں—ایس اینڈ پی گلوبل اور فچ—کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید تقویت دی ہے، جس کے مثبت اثرات بانڈ مارکیٹ میں واضح طور پر نظر آرہے ہیں۔
مزید یہ کہ پاکستان رواں سال یوآن بانڈز کے اجرا اور 2026 میں یورو بانڈ مارکیٹ میں دوبارہ داخلے کی تیاری بھی کررہا ہے، جس سے غیر ملکی سرمایہ کاری کے امکانات میں مزید اضافہ متوقع ہے۔









