ٹی ٹوئنٹی رینکنگ: بابراعظم اور رضوان کی تنزلی، بھارتی بیٹر بدستور سرفہرست

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی تازہ ترین ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے پلیئرز رینکنگ جاری کر دی گئی ہے، جس میں پاکستانی کھلاڑیوں کی پرفارمنس کے مطابق رد و بدل دیکھنے میں آیا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی فہرست میں پاکستان کے سابق کپتان بابراعظم تین درجے تنزلی کے بعد 21 ویں جبکہ قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان محمد رضوان دو درجے نیچے آ کر 22 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
بھارت کے ابھرتے ہوئے بیٹر ابھیشک شرما ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی رینکنگ میں بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔
دوسری جانب پاکستانی نوجوان بیٹر حسن نواز نے دو درجے بہتری کے ساتھ 32 ویں پوزیشن حاصل کی ہے، جبکہ صائم ایوب دو درجے تنزلی کے بعد 40 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے 18 درجے بہتری کے ساتھ رینکنگ میں لمبی چھلانگ لگائی اور اب وہ 59 ویں پوزیشن پر آ چکے ہیں۔
بولنگ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔ پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے آٹھ درجے ترقی کر کے 26 ویں پوزیشن حاصل کی، جبکہ حارث رؤف چار درجے تنزلی کے ساتھ 28 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ اسپنر محمد نواز نے 15 درجے بہتری کے بعد 43 ویں پوزیشن سنبھال لی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بھارت کے ہاردک پانڈیا سرفہرست ہیں، جبکہ افغانستان کے تجربہ کار محمد نبی ایک درجے بہتری کے بعد دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
ون ڈے آل راؤنڈرز میں نمایاں تبدیلی دیکھنے کو ملی ہے، جہاں زمبابوے کے سکندر رضا نے سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی اور محمد نبی بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔









