
ٹک ٹاک اپنے صارفین کے لیے ایک نئے فیچر پر کام کر رہا ہے، جس کے ذریعے دوستوں اور دیگر صارفین کو ڈائریکٹ میسج کے اندر ہی رقم بھیجنے کی سہولت فراہم کی جا سکے گی۔
رپورٹس کے مطابق یہ فیچر ٹک ٹاک کی ادائیگی کی سروس TikTok Pay کے ذریعے کام کرے گا۔ اس سروس کو اس وقت بعض جنوب مشرقی ایشیائی ممالک میں ٹک ٹاک شاپ سے خریداری کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
امریکا میں آئی فون صارفین کے لیے ٹک ٹاک ایپ کے کوڈ میں اس ممکنہ فیچر سے متعلق اشارے سامنے آئے ہیں۔ متوقع طور پر صارف رقم بھیجتے وقت اس کے ساتھ ایک پیغام بھی شامل کر سکیں گے۔
تاہم ٹک ٹاک کا کہنا ہے کہ فی الحال اس فیچر کی باقاعدہ آزمائش شروع نہیں کی گئی، اس لیے اس کی حتمی لانچ اور دستیابی کے بارے میں کوئی تاریخ نہیں بتائی گئی۔ یہ بھی واضح نہیں کہ ابتدائی طور پر یہ سہولت کن ممالک میں متعارف کرائی جائے گی۔
ٹک ٹاک گزشتہ کچھ عرصے سے ویڈیو شیئرنگ کے علاوہ مختلف شعبوں میں اپنی خدمات کو وسعت دے رہا ہے۔ پلیٹ فارم پر شاپنگ، سرچ، گیمز، ہوٹل بکنگ اور دیگر فیچرز کے ساتھ مالیاتی خدمات کی جانب پیش رفت بھی اسی حکمت عملی کا حصہ دکھائی دیتی ہے۔
اگر ڈی ایم کے ذریعے رقم کی منتقلی کا فیچر متعارف ہوتا ہے تو ٹک ٹاک کی مالیاتی خدمات کے شعبے میں موجودگی مزید مضبوط ہوسکتی ہے۔









