
آج کل سوشل میڈیا پر ایک نیا مشروب ‘لوڈڈ واٹر’ تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔ ٹک ٹاک، انسٹاگرام ریلز اور دیگر پلیٹ فارمز پر لوگ رنگین جگ میں تازہ پھل، جڑی بوٹیاں اور کبھی کبھار اسپارکلنگ پانی ڈال کر اپنے پانی کو نہ صرف مزیدار بلکہ دلکش بھی بنا رہے ہیں۔
نیویارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق، لوڈڈ واٹر عام یا سپارکلنگ پانی ہوتا ہے جس میں ذائقہ اور غذائیت بڑھانے کے لیے مختلف اضافی اجزاء شامل کیے جاتے ہیں، جیسے تازہ پھل، جڑی بوٹیاں، ناریل پانی، الیکٹرولائٹ پاؤڈر اور حتیٰ کہ پری بایوٹک اجزاء۔
یہ مشروب چند آسان ترکیبوں سے تیار کیا جا سکتا ہے۔ مثال کے طور پر، لیموں اور پودینے کا سادہ امتزاج یا تربوز، سنگترہ اور اسپارکلنگ پانی ملا کر پیچیدہ ذائقے بنائے جا سکتے ہیں۔
لوڈڈ واٹر کے فوائد میں شامل ہیں:
دلچسپ ہائیڈریشن: پانی پینے کا انداز تبدیل کر کے لوگوں کو زیادہ پانی پینے کی ترغیب دیتا ہے۔
کم کیلوریز: سافٹ ڈرنکس کے مقابلے میں کم شوگر اور کیلوریز رکھتا ہے۔
غذائی فوائد: تازہ پھل وٹامنز اور بعض ترکیبوں میں ورزش کے بعد کی بحالی کے لیے الیکٹرولائٹس فراہم کرتے ہیں۔
ہاضمہ کی بہتری: پری بایوٹک اجزاء معدے کی صحت کے لیے مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
گھر پر لوڈڈ واٹر بنانے کا آسان طریقہ:
1. فلٹر شدہ یا ٹھنڈا پانی لیں، چاہیں تو گرین ٹی بھی استعمال کی جا سکتی ہے۔
2. پسندیدہ پھل جیسے تربوز، لیموں، یا سنگترہ کاٹ کر جگ میں ڈالیں۔
3. پودینہ، تلسی یا روزمیری جیسی جڑی بوٹیاں بھی شامل کریں۔
4. جگ کو فریج میں 2 سے 4 گھنٹے رکھیں تاکہ ذائقہ اچھے سے جذب ہو جائے، بہتر نتائج کے لیے رات بھر رکھنا مناسب ہے۔
5. پانی کو چھان کر استعمال کریں تاکہ پھل یا جڑی بوٹیاں کڑوی نہ ہوں۔
6. تیار شدہ پانی کو 2 سے 3 دن کے اندر استعمال کریں۔
یہ مشروب خاص طور پر ان افراد کے لیے بہترین ہے جو دن بھر ہائیڈریٹ رہنا چاہتے ہیں مگر عام پانی کم پیتے ہیں۔ لوڈڈ واٹر نہ صرف صحت بخش ہے بلکہ اپنی رنگینی اور تازگی کی وجہ سے بھی دل کو بھاتا ہے۔









