ٹرمپ کا بڑا انتخابی وعدہ، ہر بالغ امریکی کو 5 ہزار ڈالر دینے کی تجویز

0
20
ٹرمپ کا بڑا انتخابی وعدہ، ہر بالغ امریکی کو 5 ہزار ڈالر دینے کی تجویز

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آئندہ وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی جانب سے کانگریس پر کنٹرول برقرار رکھنے کی صورت میں امریکی بالغ شہریوں کو 5 ہزار ڈالر دینے کی تجویز پیش کردی۔

ٹرمپ نے ریپبلکن پارٹی کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اس ممکنہ ادائیگی کو ’’ٹرمپ ڈیویڈنڈ‘‘ کا نام دیا۔ تاہم اس حوالے سے ابھی یہ واضح نہیں کہ رقم کس طریقہ کار کے تحت دی جائے گی اور موجودہ قوانین کے تحت اس منصوبے پر عمل درآمد ممکن بھی ہے یا نہیں۔

اگر تقریباً 27 کروڑ بالغ امریکی شہریوں کو 5 ہزار ڈالر فی کس ادا کیے جائیں تو مجموعی رقم تقریباً 1.35 ٹریلین ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔

صدر ٹرمپ نے ووٹرز پر زور دیا کہ وہ وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن امیدواروں کی حمایت کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ووٹرز اس انتخاب کو ایسے سمجھیں جیسے وہ خود امیدوار ہوں۔

خطاب کے دوران ٹرمپ نے ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائی کا بھی دفاع کیا۔ ان کے مطابق کارروائی کا بنیادی مقصد ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا تھا۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ایران کے ساتھ جنگ ختم ہونے اور کامیابی کے بعد تیل کی قیمتوں میں کمی آسکتی ہے۔

ریپبلکن اجتماع میں ڈیموکریٹک پارٹی کو سوشلزم اور کمیونزم سے جوڑ کر تنقید کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ مہنگائی اور ایران سے متعلق جنگ جیسے اہم عوامی مسائل کو نسبتاً کم جگہ دی گئی۔

دوسری جانب وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کو کانگریس کے کم از کم ایک ایوان کا کنٹرول کھونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حالیہ رائے عامہ کے جائزوں میں بھی ڈیموکریٹک ووٹرز انتخابی عمل میں ریپبلکن ووٹرز کے مقابلے میں زیادہ سرگرم نظر آ رہے ہیں۔

Leave a reply