
دنیا بھر کی معلومات دینے والا چیٹ جی پی ٹی ایک عام لیکن اہم کام میں ناکام ہے: یہ آپ کو موجودہ وقت نہیں بتا سکتا۔
زیادہ تر آرٹیفیشل انٹیلی جنس چیٹ بوٹس کی طرح، چیٹ جی پی ٹی ایک ورچوئل اسسٹنٹ کے طور پر کام کرتا ہے، مگر گھڑی کے وقت بتانے کی سہولت فراہم نہیں کرتا۔ اگر آپ پوچھیں کہ “اب کیا وقت ہو رہا ہے؟” تو یہ جواب دے گا کہ اسے آپ کے ڈیوائس کی رئیل ٹائم گھڑی یا لوکیشن تک رسائی نہیں ہے، اور درست وقت جاننے کے لیے سرچ انجن استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔
یہ مسئلہ سوشل میڈیا اور چیٹ جی پی ٹی فورمز پر بھی اکثر زیرِ بحث رہتا ہے۔ 2022 میں ریلیز ہونے کے باوجود، چیٹ جی پی ٹی اب تک وقت بتانے سے قاصر ہے۔
ماہرین کے مطابق اس کی وجہ سادہ ہے: چیٹ جی پی ٹی اور دیگر جنریٹیو AI ماڈلز بنیادی طور پر صارفین کے سوالات کے جوابات دینے کے لیے تیار کیے گئے ہیں، اور یہ اپنے ٹریننگ ڈیٹا تک محدود ہوتے ہیں۔ یہ ماڈلز رئیل ٹائم اپ ڈیٹس جیسے موجودہ وقت یا تازہ ترین معلومات حاصل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔
یہ صورتحال ایسے ہے جیسے آپ کسی جزیرے پر تنہا موجود ہوں، جہاں کتابیں بہت ہوں مگر گھڑی نہ ہو۔
اوپن اے آئی کے مطابق، چیٹ جی پی ٹی کو کمپیوٹر یا فون کے ٹائم ٹولز تک رسائی دی جا سکتی ہے، مگر اس کے لیے سرچ فنکشن کو فعال کرنا ضروری ہے۔ تب ہی یہ ماڈل موجودہ وقت اور تازہ ترین معلومات تک رسائی حاصل کر سکتا ہے۔









