
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی کا خواب ان شاء اللہ جلد شرمندہ تعبیر ہوگا۔
انہوں نے آئی ایم ایف کی جانب سے جاری پروگرام کے تحت حکومت کی معاشی اصلاحات اور اقدامات کے مؤثر نفاذ پر اظہار اطمینان پر خوشی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل درآمد اور معاشی ترقی کے فروغ میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی معاونت اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کی مثبت رائے معاشی ٹیم، خاص طور پر وزیر خزانہ کی محنت کا واضح ثبوت ہے، اور یہ اس بات کا عکاس ہے کہ پاکستان معاشی استحکام اور ترقی کے لیے ضروری اقدامات اٹھا رہا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کو مالی مشکلات سے نکال کر استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنا آسان نہیں تھا، اس کے لیے سیاسی جماعتوں اور عوام نے مشترکہ قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے پاکستان کی معاشی اصلاحات اور ڈیجیٹائزیشن عالمی معیار کی مثال بن گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے بعد ترقی کی راہ میں مزید محنت کی ضرورت ہے، اور بطور وزیر اعظم وہ پاکستانی عوام کی خوشحالی اور ملک کو بیرونی قرضوں سے آزاد کرانے کے لیے مسلسل کام جاری رکھیں گے۔









