وزیراعظم شہباز شریف کی آٹو پالیسی 2026 کی منظوری، برآمدات اور الیکٹرک گاڑیوں پر خصوصی توجہ

0
13
وزیراعظم شہباز شریف کی آٹو پالیسی 2026 کی منظوری، برآمدات اور الیکٹرک گاڑیوں پر خصوصی توجہ

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے آٹو پالیسی 2026 کی منظوری دے دی ہے، جس کا باضابطہ اعلان بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے منظوری کے بعد آئندہ ہفتے متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق نئی پالیسی میں ملکی آٹو انڈسٹری کی پیداواری صلاحیت بڑھانے، آٹو پارٹس کی برآمدات میں اضافہ کرنے اور صنعت کو عالمی ویلیو چین کا حصہ بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

پالیسی کی تجاویز میں برآمدی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے پانچ بڑے اینکر مینوفیکچرنگ اداروں کو ملک میں لانے، جبکہ آٹو سیکٹر میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کے کلسٹرز قائم کرنے کی سفارش بھی شامل ہے۔

دستاویز کے مطابق برآمد کے لیے تیار کیے جانے والے آٹو پارٹس کی درآمد پر ڈیوٹی ختم کرنے، آٹو پارٹس ایکسپورٹ کونسل تشکیل دینے اور گاڑیوں کی تیاری میں مقامی ویلیو ایڈیشن کو لازمی قرار دینے کی تجاویز سامنے آئی ہیں۔

نئی پالیسی میں آٹو انڈسٹری میں کنٹریکٹ مینوفیکچرنگ کی اجازت دینے اور انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ (ای ڈی بی) سے متعلق منظوری کے عمل کو ڈیجیٹل بنانے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔

الیکٹرک اور نئی انرجی گاڑیوں کے شعبے کے لیے بھی متعدد مراعات تجویز کی گئی ہیں۔ ان گاڑیوں پر سیلز ٹیکس ایک فیصد تک محدود رکھنے جبکہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی)، کیپٹل ویلیو ٹیکس (سی وی ٹی) اور ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کرنے کی تجاویز شامل ہیں۔

اس کے علاوہ الیکٹرک گاڑیوں کی خریداری کے لیے بینک فنانسنگ کی حد ایک کروڑ روپے تک بڑھانے کی تجویز بھی پالیسی کا حصہ ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئی آٹو پالیسی کا بنیادی مقصد مقامی صنعت کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ برآمدات میں اضافہ اور پاکستان کو عالمی آٹو سپلائی چین سے زیادہ مؤثر انداز میں جوڑنا ہے۔

Leave a reply