وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ٹرمپ کی آج ملاقات، اہم امور پر بات چیت متوقع

0
123
وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ٹرمپ کی آج ملاقات، اہم امور پر بات چیت متوقع

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان آج واشنگٹن میں ملاقات متوقع ہے، جس کی تصدیق وائٹ ہاؤس نے بھی کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ ملاقات مقامی وقت کے مطابق ساڑھے 4 بجے اوول آفس میں ہوگی۔

ملاقات میں عالمی اور علاقائی امور، دوطرفہ تعلقات، اور تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال متوقع ہے۔ اطلاعات ہیں کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر بھی اس ملاقات میں شرکت کر سکتے ہیں۔

اس سے قبل نیویارک میں اسلامی ممالک کے سربراہی اجلاس کے موقع پر بھی وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ٹرمپ کی ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار ماحول میں گفتگو ہوئی، اور امریکی صدر نے وزیراعظم سے گفتگو کے بعد مسکراتے ہوئے تھمبز اپ کا اشارہ کیا۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی موجود تھے، جن سے صدر ٹرمپ نے مصافحہ کیا۔

اسلامی ممالک کے رہنماؤں کے اجلاس کے دوران وزیراعظم نے امیر قطر، اردن کے بادشاہ، اور انڈونیشیا کے صدر سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں غزہ میں جنگ بندی اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں چین کے وزیراعظم لی چیانگ کی سربراہی میں عالمی ترقیاتی اقدام سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کی، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان غیر رسمی گفتگو بھی ہوئی۔

اس کے علاوہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس، کویت کے ولی عہد، آسٹریا کے چانسلر اور سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈیسانائیکے سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں باہمی تعاون، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی استحکام کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

Leave a reply