نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سعودی عرب کے دورے پر مدینہ منورہ پہنچ گئے

0
57
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سعودی عرب کے دورے پر مدینہ منورہ پہنچ گئے

نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سعودی عرب کے سرکاری دورے کے پہلے مرحلے میں مدینہ منورہ پہنچ گئے ہیں، جہاں سعودی حکام اور پاکستانی سفارتی عملے نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دورے کا مقصد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور اہم عالمی و علاقائی امور پر مشاورت کرنا ہے۔
دورے کے اگلے مرحلے میں نائب وزیرِ اعظم آج شام جدہ پہنچیں گے، جہاں وہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کونسل کے غیرمعمولی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس میں غزہ کی صورتحال، مشرقِ وسطیٰ میں بدلتی ہوئی علاقائی صورتِ حال، امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز اور مشترکہ لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔ اسحاق ڈار اجلاس میں پاکستان کا مؤقف پیش کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے لیے انسانی امداد اور فوری جنگ بندی کی حمایت کا اعادہ کریں گے۔
اپنے دورے کے دوران نائب وزیرِ اعظم جدہ میں پاکستانی قونصل خانے کی نئی عمارت کا افتتاح بھی کریں گے۔ نئی عمارت کا قیام سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو بہتر اور جدید سفارتی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ اس موقع پر وہ قونصل خانے کے عملے اور پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں سے ملاقات بھی کریں گے۔
دورے کے دوران اسحاق ڈار کی سعودی قیادت سے اہم ملاقاتوں کا بھی امکان ہے، جن میں دوطرفہ تعاون، معاشی شراکت داری، سرمایہ کاری اور علاقائی استحکام سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

Leave a reply