موبائل سمز کا ڈیٹا لیک ہونے پر وزیرداخلہ کا نوٹس، انکوائری ٹیم تشکیل

اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے موبائل سمز کا حساس ڈیٹا انٹرنیٹ پر فروخت ہونے سے متعلق سامنے آنے والی اطلاعات کا نوٹس لیتے ہوئے نیشنل سائبر کرائمز انویسٹی گیشن ایجنسی کو فوری کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیرداخلہ کی ہدایت پر ایک خصوصی انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو ڈیٹا لیکج کے معاملے کی مکمل اور ہر پہلو سے چھان بین کرے گی۔ تحقیقاتی ٹیم کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 14 دن کے اندر اپنی رپورٹ وزارت داخلہ کو پیش کرے۔
اطلاعات کے مطابق مختلف ویب سائٹس اور آن لائن پلیٹ فارمز پر حکومتی شخصیات، اعلیٰ افسران اور وزرا کی موبائل سمز، شناختی معلومات، کال ریکارڈز اور لوکیشن ڈیٹا سمیت دیگر معلومات انتہائی کم قیمت پر فروخت کی جا رہی ہیں۔
ان انکشافات کے بعد سیکیورٹی ادارے حرکت میں آ گئے ہیں اور ڈیٹا لیک میں ملوث عناصر کا سراغ لگا کر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔








