
بھارت کی ملیالم فلم انڈسٹری کے معروف اداکار سدھارتھ وینوگوپال طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ وہ گزشتہ دو برس سے کینسر جیسے موذی مرض سے لڑ رہے تھے۔
ان کے انتقال کی خبر کی تصدیق بھارتی اداکارہ سیما جی نیر نے سوشل میڈیا کے ذریعے کی۔ انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ گزشتہ دو سالوں سے وہ ان کی صحت یابی کے لیے مسلسل کوشش کرتی رہیں، مگر آخرکار وہ اس جنگ میں کامیاب نہ ہو سکے۔
سدھارتھ وینوگوپال کا تعلق بھارتی ریاست کیرالہ کے ضلع تھریسور سے تھا۔ انہیں کم عمری سے ہی اداکاری کا شوق تھا۔ اپنے کیریئر کا آغاز انہوں نے بطور پریزنٹر کیا، جس کے بعد وہ ٹی وی ڈراموں میں نظر آنے لگے اور ملیالم انڈسٹری میں اپنی پہچان بنائی۔
مرحوم کے اہلِ خانہ میں ان کی والدہ اور ایک چھوٹا بھائی شامل ہیں، جبکہ ان کے والد کا انتقال چند سال قبل ہو چکا تھا۔









