
عالمی ادارے اسکائی ٹریکس نے دنیا بھر کے ایئرپورٹس کی سالانہ درجہ بندی جاری کر دی ہے، جس میں مختلف ممالک کے ہوائی اڈوں کو مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کی بنیاد پر اسٹار کیٹیگریز دی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو عالمی سطح پر 3 اسٹار کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ پاکستان کے دیگر بڑے ایئرپورٹس، جیسے لاہور اور کراچی ایئرپورٹس کو 2 اسٹار کیٹیگری دی گئی ہے۔ اسکائی ٹریکس کے مطابق یہ درجہ بندی ہوائی اڈوں پر سہولیات، امیگریشن کے عمل اور ٹرمینلز میں خدمات کے معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔
عالمی سطح پر 3 اسٹار کیٹیگری میں شامل دیگر اہم ایئرپورٹس میں دبئی، مانچسٹر، نیویارک جے ایف کے، واشنگٹن، ماسکو، میکسیکو اور کویت شامل ہیں۔ اسی طرح، بھارت کے دہلی، کولکتہ اور احمد آباد ایئرپورٹس کو بھی 3 اسٹار کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر دنیا کے 12 ایئرپورٹس کو 5 اسٹار اور 81 ایئرپورٹس کو 4 اسٹار کا درجہ دیا گیا ہے، جو مسافروں کے لیے اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کرتے ہیں۔









