
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں بسنت کے تہوار کو محفوظ انداز میں منانے پر شہریوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعتماد بحال رکھا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آج لاہور خوشیوں سے بھرپور ہے اور وہ شہریوں کے ذمہ دارانہ رویے سے بہت خوش ہیں۔ مریم نواز شریف نے بتایا کہ لاہور کے عوام نے قواعد و ضوابط پر عمل کرتے ہوئے بسنت کی تقریب کو محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہریوں نے نہ صرف خوش مزاجی سے بسنت منائی بلکہ حفاظتی اقدامات کو بھی مدنظر رکھا۔ شہر بھر میں کھابوں اور تفریحی سرگرمیوں کا لطف اٹھایا گیا اور پتنگ بازی کے دوران پیچوں کے مقابلے بھی دیکھنے میں آئے۔ انہوں نے اطمینان ظاہر کیا کہ ممنوعہ ڈور کے استعمال کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
مریم نواز شریف نے بتایا کہ شہر کی چھتوں پر ایس او پیز کے مطابق بسنت منائی گئی، اور دھات کے تار استعمال نہ ہونے کی وجہ سے ٹرانسفارمرز بھی محفوظ رہے، جو انتظامیہ اور شہریوں کی مشترکہ کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کیے گئے پیشگی اقدامات مؤثر ثابت ہوئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ لاہور کے مختلف علاقوں میں 200 کلینک آن ویل اور 21 فیلڈ ہسپتال تعینات کیے گئے تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ محفوظ بسنت کا ماڈل لاہور کے بعد دیگر شہروں میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔
آخر میں مریم نواز شریف نے عوام سے اپیل کی کہ خوشیوں کے اس موقع پر بھی احتیاط کو ہاتھ سے نہ جانے دیں اور حفاظتی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔









