مذاکرات کامیاب، گڈز ٹرانسپورٹرز کا ہڑتال مؤخر کرنے کا اعلان

0
13
مذاکرات کامیاب، گڈز ٹرانسپورٹرز کا ہڑتال مؤخر کرنے کا اعلان

حکومت اور آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد ملک بھر میں جاری ہڑتال 40 روز کے لیے مؤخر کر دی گئی ہے۔ ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے باعث گزشتہ 9 روز کے دوران مختلف منڈیوں تک سبزیوں، اجناس اور دیگر اشیائے ضروریہ کی ترسیل متاثر رہی۔

کراچی کے گورنر ہاؤس میں ہونے والے مذاکرات میں گورنر سندھ نہال ہاشمی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز کے صدر ملک شہزاد سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔

مذاکرات کے بعد ملک شہزاد نے بتایا کہ حکومت کی یقین دہانیوں کے بعد ہڑتال عارضی طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق حکومت سندھ نے ٹرانسپورٹرز کے پارکنگ سے متعلق مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار کا جائزہ لینے کے لیے وفاقی حکومت نے 15 دن کا وقت مانگا ہے۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ٹول ٹیکس میں کمی کے معاملے پر غور کے لیے کمیٹی بنانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ ٹرانسپورٹرز کے مطابق 10 وہیلر گاڑیوں کے لیے مناسب وزن کی اجازت سمیت بعض دیگر مطالبات پر بھی پیش رفت ہوئی ہے۔

ملک شہزاد کا کہنا تھا کہ کچھ معاملات وفاقی اور صوبائی سطح پر طے کیے جا چکے ہیں جبکہ باقی مطالبات پر کابینہ اور متعلقہ کمیٹیوں کے ذریعے پیش رفت جاری رہے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر حکومتی یقین دہانیوں پر عمل درآمد نہ ہوا تو ٹرانسپورٹرز دوبارہ احتجاج کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کے کئی حل طلب مسائل پر پیش رفت ہوئی ہے اور باقی معاملات کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی، حیدرآباد روڈ موجودہ معیار کے لحاظ سے موٹروے قرار دینے کے قابل نہیں، جبکہ سکھر سے حیدرآباد اور کراچی تک نئی موٹروے کے منصوبے پر رواں سال کام شروع کرنے کا ارادہ ہے۔

گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال میں حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرنا اہم پیش رفت ہے۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بھی یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت اپنے دائرہ اختیار میں آنے والے مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات کرے گی اور معاملات کو بات چیت کے ذریعے آگے بڑھایا جائے گا۔

Leave a reply