متحدہ عرب امارات 2025 میں بھی دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ قرار

0
112
متحدہ عرب امارات 2025 میں بھی دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ قرار

دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی تازہ عالمی درجہ بندی میں متحدہ عرب امارات نے 2025 میں مسلسل ساتویں بار پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ آرٹن کیپیٹل کی رپورٹ کے مطابق اماراتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد 179 ممالک میں بغیر ویزا سفر کرسکتے ہیں، جو اسے سب سے مؤثر سفری دستاویز بناتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ عالمی تبدیلیوں اور سفری پابندیوں کے باوجود یو اے ای نے اپنی معاشی استحکام، سرمایہ کاری دوست ماحول اور سفارتی سرگرمیوں کے باعث اپنی برتری برقرار رکھی ہے۔

درجہ بندی میں دوسرا نمبر سنگاپور اور اسپین کے پاسپورٹس کو ملا، جن کے شہری 175 ممالک تک ویزا فری رسائی رکھتے ہیں۔

تیسرے نمبر پر سوئٹزرلینڈ، جنوبی کوریا، جرمنی، سویڈن، فن لینڈ، لگزمبرگ، فرانس، اٹلی، نیدرلینڈز، آئرلینڈ، ڈنمارک، یونان، آسٹریا، بیلجیئم، پرتگال، ملائیشیا اور جاپان شامل رہے، جن کے پاسپورٹ 174 ممالک میں داخلے کی سہولت دیتے ہیں۔

چوتھے نمبر پر پولینڈ، سلوانیا، کروشیا، سلواکیہ، ہنگری اور ایسٹونیا رہے، جن کے شہری 173 ممالک تک بغیر ویزا سفر کرسکتے ہیں۔ اسی طرح پانچویں نمبر پر مالٹا، رومانیہ، لٹویا، نیوزی لینڈ، چیک ریپبلک اور بلغاریہ کے پاسپورٹس رہے، جنہیں 172 ممالک تک رسائی حاصل ہے۔

کمزور پاسپورٹس
کمزور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں پاکستان اس بار بھی نیچے کی درجہ بندی میں نظر آیا اور صومالیہ کے ساتھ مشترکہ طور پر 91 ویں نمبر پر رہا۔ پاکستانی شہری 45 ممالک میں ویزا کے بغیر سفر کرسکتے ہیں۔

پاکستان سے نیچے عراق، شام اور افغانستان کے پاسپورٹس موجود ہیں، جبکہ یمن، بنگلا دیش، شمالی کوریا، فلسطین اور اریٹیریا کا درجہ اس سے بہتر رہا۔

Leave a reply