فیس بک ایپ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں، انٹر فیس مزید سادہ اور جدید

0
97
فیس بک ایپ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں، انٹر فیس مزید سادہ اور جدید

میٹا نے فیس بک ایپ کے لیے وسیع پیمانے پر ڈیزائن اور یوزر انٹر فیس میں تبدیلیاں متعارف کر دی ہیں، جن کا مقصد ایپ کو پہلے سے زیادہ سادہ، خوش نما اور آسان بنانا ہے۔

تازہ اپ ڈیٹ کے تحت فیس بک میں سرچ رزلٹس اب گرڈ لے آؤٹ میں دکھائے جائیں گے، جس سے صارفین تصاویر، ویڈیوز اور دیگر مواد کو ایک ہی نظر میں بہتر انداز سے دیکھ سکیں گے۔ اسی طرح ایپ کے نیچے موجود نیویگیشن بار کو نیا روپ دیا گیا ہے، جہاں ہوم، ریلز، فرینڈز، مارکیٹ پلیس، نوٹیفکیشنز اور پروفائل جیسے اہم حصے ایک ہی قطار میں نمایاں نظر آئیں گے۔

میٹا نے فیس بک میں ڈسکوری الگورتھم بھی اپ گریڈ کیا ہے، جو صارفین کی پسند اور دلچسپیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے دوستوں کی تجاویز دے گا۔ پسندیدہ شوز، مقامات اور موسیقی جیسے عوامل بھی اس تجویز کردہ فہرست کا حصہ ہوں گے۔

فیڈ کے ڈیزائن میں بھی نمایاں تبدیلیاں شامل ہیں۔ اب پوسٹس کو فل اسکرین موڈ میں دیکھا جا سکے گا جبکہ تصاویر کو انسٹاگرام کی طرز پر ڈبل ٹیپ کر کے لائیک کیا جا سکے گا۔ علاوہ ازیں مینیو اور نوٹیفکیشن ٹیب کو بھی سادہ اور واضح بنایا گیا ہے، جہاں میٹا اے آئی ٹولز اور دوستوں کی اسٹوریز تک رسائی پہلے سے زیادہ آسان ہوگی۔

کمپنی نے سرچ تجربے کو بھی بہتر بناتے ہوئے ایک نیا فل اسکرین ویو متعارف کرایا ہے، جس میں سرچ مواد زیادہ نمایاں اور دلکش انداز میں نظر آئے گا۔ میٹا کے مطابق یہ فیچر آنے والے مہینوں میں مزید اقسام کے مواد کے لیے بھی دستیاب ہوگا۔

مواد تیار کرنے کے ٹولز کی ترتیب بھی بدل دی گئی ہے، جس سے میوزک شامل کرنے، ٹیگز لگانے اور دیگر فیچر مزید نمایاں اور قابل رسائی ہو گئے ہیں۔

اس کے علاوہ گروپس کے ایڈمنز کے لیے نئے اختیارات، کاروباری صارفین کے لیے اشتہارات اور کامرس سے متعلق اے آئی فیچرز، میسنجر میں بزنس میسیجز کی سہولت، اور فیس بک پیجز کے لیے بہتر لے آؤٹ بھی اپ ڈیٹ کا حصہ ہیں۔

Leave a reply